75فیصد افراد کاروباری ماحول سے مطمئن :سٹیٹ آف فریڈم رپورٹ

75فیصد افراد کاروباری ماحول سے مطمئن :سٹیٹ آف فریڈم رپورٹ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد نے مشال پاکستان کے اشتراک سے پاکستان فرسٹ سٹیٹ آف فریڈم رپورٹ 2026 کا اجرا کر دیا جو سیاسی، شہری، اقتصادی، ڈیجیٹل، قانونی اور سماجی آزادیوں کا جائزہ لیتی ہے۔

 مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت قانون بیرسٹر عقیل ملک نے اس موقع پر کہا کہ آزادی اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب شہری خود کو سنا ہوا محسوس کریں، ادارے جواب دہ رہیں اور پالیسی سازی شواہد پر مبنی ہو۔ پاکستان کا آئینی ڈھانچہ بنیادی حقوق کے وسیع تحفظات فراہم کرتا ہے ۔ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سفیر خالد محمود نے کہا یہ رپورٹ اقتصادی شرکت، کاروباری سہولت کاری اور خواتین کے بااختیار بنانے کے حوالے سے حوصلہ افزا تاثرات پیش کرتی ہے ۔ مشال پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شریک مصنف عامر جہانگیر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ماہرین سے مشاورت اور تقریباً 2 ہزار افراد پر مشتمل ملک گیر سروے کی بنیاد پر رپورٹ آزادی اور حکمرانی پر پاکستان کا پہلا قومی معیار قائم کرتی ہے ۔ اہم نتائج میں 77 فیصد جواب دہندگان کا یہ ماننا ہے کہ شہری اپنے پیشے کے انتخاب میں آزاد ہیں، 75 فیصد کا خیال ہے کہ کاروبار غیر ضروری حکومتی مداخلت کے بغیر چل رہے اور 75 فیصد خواتین کے مواقع اور بااختیار بنانے کے حوالے سے مثبت رائے رکھتے ہیں۔ دیگر مقررین میں شفیق چودھری، فرزانہ یعقوب، ڈاکٹر طلعت شبیر بھی شامل تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں