پنجاب بار :وکلاء کے اندراج ، لائسنس کیلئے قواعد مزید سخت
ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ایل ایل بی کی ڈگری نئے وکیل کے اندراج کیلئے شرط رجسٹرڈ غیر ملکی لاء ڈگری ہولڈرز کیلئے مساواتی سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری قرار
لاہور(کورٹ رپورٹر)پنجاب بار کونسل نے وکلاء کے اندراج اور وکالت لائسنس کے اجرا کیلئے سخت ترین احکامات جاری کر دئیے ۔ پنجاب بار کونسل کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ایل ایل بی ڈگری پیش کئے بغیر لوئر کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ نیا اندراج نہیں ہوگا، پہلے سے رجسٹرڈ کسی بھی وکیل کے لائسنس کی تجدید اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک تعلیمی اسناد کی ایچ ای سی سے تصدیق پیش نہ کی جائے ،بطور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کسی بھی امیدوار کا اندراج اور وکالت کا لائسنس ایچ ای سی کی تصدیق کے بغیر جاری نہیں کیا جائے گا، غیر ملکی لاء ڈگری یا ایکسٹرنل ایل ایل بی پروگرام کے حامل امیدواروں کا اندراج ایچ ای سی کے مساواتی سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا،پہلے سے رجسٹرڈ غیر ملکی ڈگری ہولڈرز وکلاء کے لائسنس کی تجدید اور ہائی کورٹ انرولمنٹ بھی مساواتی سرٹیفکیٹ پیش کرنے تک روک دی گئی۔