راولپنڈی :تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1کھرب 83ارب تخمینہ

راولپنڈی :تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1کھرب 83ارب تخمینہ

سکولز میل پروگرام 4ارب، گرلز کالج ڈھوک دلال اراضی کیلئے 39کروڑ مختص مری بوائے سکاؤٹس سینٹر 20کروڑ، یونیورسٹی آف چکوال کیلئے 14کروڑ تجویز کالجوں میں آئی ٹی لیبز فیز ٹو کیلئے 1ارب 30کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے

راولپنڈی (خاورنوازراجہ ) حکومت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت راولپنڈی ڈویژن اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری میں تعلیمی ترقیاتی منصوبو ں کیلئے مجموعی طور پرتقریباً 1 کھرب 83 ارب 82 کروڑ روپے کا تخمینہ لاگت لگایا گیا ہے ، ان میں تمام شعبوں بشمول سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن اور لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کی سکیمیں شامل ہیں، جولائی 2026میں مجموعی طور پر 25 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کرنے کی فراہمی(پروویژن)رکھی گئی ہے ۔ بجٹ کا بڑا حصہ ڈویژن کے پسماندہ اضلاع میں نئے کالجز اور جامعات کی تعمیر پر خرچ ہوگا، لیپ ٹاپ سکیم، سکول میل پروگرام اور آئی ٹی لیبز کی تشکیل سمیت میگا پراجیکٹس بھی اس ترقیاتی پیکیج کا حصہ ہیں۔ مری بوائے سکائوٹس سمر ٹریننگ سینٹر گھوڑا گلی کی تزئین و آرائش کیلئے 20 کروڑ روپے ، ڈویژن کے تمام اضلاع میں وزیر اعلیٰ پنجاب سکولز میل(کھانا)پروگرام کے تحت 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ضلع راولپنڈی ڈھوک دلال میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کیلئے زمین کی فراہمی پر 39 کروڑ 74 لاکھ روپے ، تحصیل گوجر خان مندرہ میں طالبات کے ڈگری کالج کیلئے 1 کروڑ 4 لاکھ روپے ، سپورٹس کمپلیکس کے حامل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز کیلئے 28 لاکھ 80 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے ۔ ضلع چکوال اور تلہ گنگ کے نوجوانوں کیلئے ''یونیورسٹی آف چکوال''کے مرکزی منصوبے پر 1 ارب 54 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے کام جاری ہے جس کیلئے نئے سال میں 7 کروڑ روپے رکھے گئے ، سٹی کیمپس کی عمارت کیلئے 7 کروڑ روپے الگ نئے بجٹ سے خرچ کیے جائیں گے ۔

کالجوں میں آئی ٹی لیبز فیز ٹو کیلئے 1 ارب 30 کروڑ روپے اور تاریخ ساز  سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام  کیلئے نئے بجٹ میں 15 ارب 69 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بھاری رقم جاری کی جا رہی ہے جس کی مجموعی لاگت 1 کھرب 60 ارب 40 کروڑ روپے ہے ۔ مری میں گورنمنٹ مڈل سکول فار سپیشل ایجوکیشنل نیڈز کی عمارت کیلئے نئے سال 14 کروڑ 66 لاکھ روپے ، مریم نواز آٹزم سکول کے سیٹلائٹ کیمپسز کی امبریلا سکیم کے تحت 1 ارب 90 کروڑ 10 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے جس سے راولپنڈی ڈویژن بھی مستفید ہوگا۔ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کے فروغ کے تحت راولپنڈی ڈویژن سمیت شمالی پنجاب کے اضلاع کیلئے نان فارمل ایجوکیشن پراجیکٹ کیلئے بجٹ میں 1 ارب 9 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں