شہباز شریف ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ
ایران، امریکا مذاکرات کا اگلا مرحلہ کامیاب بنانا انتہائی اہم،دونوں رہنماؤں کا اتفاق مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنیکی کوشش کے خلاف چوکس رہنے کی ضرورت پر زور
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، اسلام آباد امن معاہدے اور پاکستان سعودی عرب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے محمد بن سلمان کو تاریخی اسلام آباد ایم او یو پر دستخط پر مبارکباد دی اور پاکستان کی امن کوششوں کے لیے سعودی عرب کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بحران کے دوران سعودی ولی عہد نے دانشمندی اور بصیرت کے ساتھ مملکت کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت ہی کی بدولت ایران اور امریکا کے درمیان چند ماہ کے اندر امن معاہدہ طے پایا۔اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو کامیاب امن معاہدے پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے معاہدے کو کامیابی سے پایئہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کو کامیاب بنانا انتہائی اہم ہے تاکہ باقی ماندہ معاملات بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جا سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف چوکس رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک ولی عہد محمد بن سلمان کی سرپرستی میں جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مناسب وقت پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔