فلٹریشن پلانٹس کو شناختی نظام کے تحت لانے کی تیاری

فلٹریشن پلانٹس کو شناختی نظام کے تحت لانے کی تیاری

پنجاب بھرکے فلٹریشن پلانٹس کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور سمیت پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے سامنے آ گئے ہیں۔ شہریوں کو معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تمام فلٹریشن پلانٹس کو باقاعدہ شناختی نظام کے تحت لانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق صوبے بھر کے تمام فلٹریشن پلانٹس کو مخصوص نمبرز الاٹ کیے جائیں گے جبکہ ہر پلانٹ کے باہر ہیلپ لائن نمبر، پلانٹ نمبر، متعلقہ آپریٹر کا نام اور موبائل نمبر بھی نمایاں طور پر درج کیا جائے گا ۔اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر کے تمام فلٹریشن پلانٹس کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جسے آئندہ دس روز میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس اقدام کے ذریعے ہر پلانٹ کی درست لوکیشن اور آپریشنل صورتحال کو ڈیجیٹل نظام کے تحت مانیٹر کیا جا سکے گا۔حکام نے فلٹر خراب ہونے یا پلانٹ بند ہونے کی صورت میں فوری شکایات کے اندراج اور بروقت کارروائی کا طریقہ کار بھی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں غیر فعال اور خراب فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں