بچے کی لاش3دن بعد5کلومیٹردورنالہ لئی سے مل گئی
لاش گوالمنڈی کے قریب کچرے میں پھنسی تھی،کم عمربچے نے کھیلتے ہوئے دھکادیا
راولپنڈی(خبرنگار،نیوزایجنسیاں)آئی جے پی روڈ کچا سٹاپ پر سیوریج نالے میں ڈوبنے والے 7سالہ وصال کی لاش تین دن بعد چارسے پانچ کلو میٹر دور گوالمنڈی کے قریب نالہ لئی سے مل گئی۔دوسری طرف نالے میں بچے کی نالے میں گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں نالے کنارے کھیلتے ہوئے ایک کم عمربچے نے 7سالہ وصال کوپیچھے سے دھکادیااوردھکا لگنے سے وصال توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نالے میں جا گرا۔تیز بارش اور پانی کا تیز بہائو ہونے کی وجہ سے بچہ نالے میں بہہ گیا، نالہ لئی میں بچے کی لاش کی نشاندہی علاقہ مکینوں نے کی جس پر ریسکیو ٹیموں نے بچے کی لاش پانی سے نکال لی اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ،لاش ملنے کے ساتھ ہی ریسکیو 1122کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ختم ہوگیا۔بچے کی لاش کچرے میں پھنسنے کی وجہ سے پل کے ساتھ لگ گئی تھی،یادرہے کہ 7 سالہ وصال بدھ کی شام ہونے والی بارش کے بعد آئی جے پی روڈ کچا سٹاپ کے قریب سیوریج نالے میں بہہ گیا تھا جبکہ ریسکیو ٹیمیں تین روز سے مسلسل آپریشن میں مصروف تھیں۔