پی ٹی آئی کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کو کچھ نہیں :عظمیٰ بخاری
پختونخوا میں عوام ڈولیوں کے ذریعے دریا عبور کرنے پر مجبور :وزیر اطلاعات پنجاب محرم کے دوران رینجرز ، پاک فوج کے دستے تعینات کئے جا رہے :میڈیا سے گفتگو
لاہور (سیاسی نمائندہ،این این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کیلئے کچھ بھی نہیں، پختونخوا حکومت نے بجٹ میں 189منصوبوں کیلئے فی منصوبہ صرف 1 لاکھ روپے جبکہ 177 منصوبوں کیلئے محض 10ہزار روپے مختص کیے جو ترقیاتی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے ،پختونخوا میں عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور ڈولیوں کے ذریعے دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس جاری ہے ،افسوس اپوزیشن بجٹ جیسے سنجیدہ معاملے پر بامقصد بحث کے بجائے سوشل میڈیا پروپیگنڈا اور سیاسی نعرہ بازی تک محدود ہے ،پنجاب حکومت کا کسی بھی اہم ترقیاتی منصوبے پر کٹ لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں، امید ہے دسمبر تک ریونیو کی صورتحال مزید بہتر ہوگی ۔ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کا نام نوٹ پر ہونا ضروری نہیں کیونکہ ان کا نام پاکستان کی تاریخ کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ہمیشہ جڑا رہے گا،یہ رائے کسی کی ذاتی محبت اور عقیدت کا اظہار ہو سکتی ہے جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ حالیہ عالمی سطح پر کشیدہ صورتحال میں خطے کو بڑے نقصان سے بچانے میں پاکستان کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا اور آج پوری دنیا اور عالمی میڈیا اس کا اعتراف کر رہا ہے ،امید ہے امریکا ایران معاہدے دیرپا ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات کئے جا رہے ہیں ، انٹرنیٹ یا دیگر سکیورٹی اقدامات سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ فی الحال نہیں کیا ، جیسے ہی کوئی فیصلہ ہوگا عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ زراعت و لائیوسٹاک کا بجٹ موجودہ مالی سال میں بڑھ کر 116ارب روپے تک پہنچ چکا ،گندم کے کاشتکاروں کو 15ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی ، 30ہزار گرین ٹریکٹرز سبسڈی پر دیئے جا چکے ، مزید 20ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔