قومی اسمبلی : 968 ارب سے زائد کے 10 مطالبات زرمنظور، 280 کٹوتی تحاریک مسترد
داخلہ 74 ارب، فوڈ سکیورٹی 33 ارب 70 کروڑ، تخفیف غربت کے 859 ارب 97 کروڑ سے زائد کے مطالبات زر منظور پنکی کراچی کی ہو یا لاہور کی جو غلط کام کریگا اسے نہیں چھوڑیں گے :طلال، خزانہ کمیٹی کی بجٹ سفارشات ایوان میں پیش
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار)قومی اسمبلی نے داخلہ،تخفیف غربت سمیت 3وزارتوں کے 968ارب سے زائد کے 10مطالبات زر کی منظوری دیدی، اپوزیشن کی کٹوتی کی تمام 280 تحاریک مسترد کی دی گئیں۔قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ کے 74 ارب 35 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کے 4 مطالبات زر کی منظوری دی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی کٹوتی کی 123 تحاریک مسترد کر دی گئیں۔ ایوان نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے 33 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے تین مطالباتِ زر کثرت رائے سے منظور کر لیے ، اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی 112 کٹوتی کی تحاریک بھی کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔ ایوان نے وزارت تخفیف غربت وسماجی تحفظ پر اپوزیشن کی کٹوتی کی45 تحریکیں مسترد کرتے ہوئے 859 ارب 97 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد کے 3 مطالبات زر کی منظوری دے دی۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ پنکی کراچی کی ہو یا لاہور کی جو غلط کام کرے گا اسے نہیں چھوڑیں گے ،منشیات کا معاملہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد بڑی حد تک صوبائی دائرہ اختیار میں آچکا، صوبوں کو انسداد منشیات فورسز کے قیام کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔دہشت گردی کے 95 فیصد واقعات خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پیش آئے۔
پاکستان میں اسلام آباد پہلا سمارٹ سٹی بنے گا، اسلام آباد میں بین لاقوامی معیار کی پہلی ماڈرن جیل بنا رہے ہیں جس میں قیدی خواتین اور بچوں کو بھی رکھا جائے گا۔ریاض فتیانہ نے کہا کہ خوارک،میڈیسن حتی ٰکہ گوشت میں بھی ملاوٹ ہے ۔فصلوں پر زہریلا سپرے کیا جارہا ہے ۔ثنا اللہ خان مستی خیل نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں کسانوں کو ٹریکٹرز پر سبسڈی دی گئی، دس ہزار مفت ٹریکٹر فراہم کیے گئے اور کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پانی اگر بھارت والے بند کریں گے تو ہم اسے ایکٹ آف وار کنسیڈر کریں گے ۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل وائیلٹ کے ذریعے ادائیگیاں اور پاکستان بیت المال کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے ، آنے والے دنوں میں اس میں مزید شفافیت نظر آئے گی۔ عالیہ کامران نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح 28.9 تک پہنچ گئی، غربت کا پیمانہ 8683 روپے ہے اس سے زائد آمدن والا غریب نہیں۔اس آمدن میں کیسے گزارا ممکن ہے ۔ علی محمد خان نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ہر پانچ سال بعد یونین کونسل کی سطح پر غیر سیاسی سروے کیا جانا چاہیے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں سیاسی رہنما ئوں کو جیلوں میں ڈالنے کے بالکل خلاف ہوں، سیاست میں کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے نہ کہ جیلوں میں ڈالنے پر، ہماری یہ درخواست ہے کہ منگل کو بانی سے فیملی کو ملاقات کرنے دی جائے ۔ پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ویگو ڈالے والی بات پر کہیں خواجہ آصف کی چھٹی نہ ہو جائے کیونکہ جونیجو صاحب نے سب کو کاروں پر کھڑا کیا تھا تو جونیجو صاحب کی چھٹی ہوگئی تھی۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے فوجداری قوانین سے متعلق 100 ترامیم پر مشتمل ایک بل قومی اسمبلی میں پیش کیا ہے جو اس وقت قائمہ کمیٹی کے پاس زیر غور ہے ، اس پر خیبرپختونخوا حکومت کی رائے بھی طلب کی گئی تھی لیکن تاحال ان کا جواب موصول نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اورمالیاتی بل 2027 پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات و تجاریز پر مبنی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی۔ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمرنے یقین دہانی کرائی کہ اختلافی نوٹ جمع کرانے والے ارکان کے اٹھائے گئے نکات پر بجٹ کی منظوری کے بعد بھی غور جاری رکھا جائے گا۔