کئی علاقوں میں بارش ،چھت گرنے سے 2بچیاں جاں بحق
اموات میانوالی میں ہوئیں، کئی درخت بھی اکھڑ گئے ، آج بھی بارش کا امکان چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی ،درجنوں مکانات ،رابطہ سڑکیں مکمل تباہ
لاہور،میانوالی،چلاس ، راولپنڈی (نیوز رپورٹر، خبرنگار، نامہ نگار،اے پی پی ، آئی این پی ) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب میں گزشتہ روز کئی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،میانوالی میں چھت گرنے سے 2بچیاں جاں بحق اور 2افراد زخمی ہو گئے ، چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی مچ گئی،درجنوں مکانات اوررابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہو گئیں۔ آج بھی مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ،میانوالی میں بارش کے دوران تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ ہوا میں اڑ گئے ، درخت اکھڑ گئے جبکہ محلہ کوہاٹیاں میں مکان کی چھت گرگئی اورملبے تلے دب کر 2 بچیاں جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے ،ریسکیو 1122کی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ادھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی اور دور افتادہ علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، درجنوں مکانات، کھڑی فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہو گئیں،وادی کھنبری میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سیلابی ریلوں نے مختلف مقامات پر سڑکوں اور راستوں کو مکمل کر دیا،دور افتادہ وادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، کھانے پینے کی اشیا اور راشن کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ان تک فوری امداد پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ آج لاہور ، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ ادھر ریسکیو 1122 مری نے مری، گلیات اور گرد و نواح میں آئندہ چند روز کے دوران محکمہ موسمیات کی تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا ہے ۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں پر پھسلن، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرات کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔