ایرانی صدر کا دورہ :سکیورٹی ہائی الرٹ، میٹرو،ٹرانسپورٹ اڈے بند
26 نمبر چونگی سے اسلام آباد، راولپنڈی دیگر علاقوں کو جانیوالی ٹریفک معطل میٹروبس سروس صدر سے فیض آباد تک کھلی ، پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی
اسلام آباد (دنیا نیوز) ایرانی صدر کی پاکستان آمد کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور فل پروف سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے ۔وفاقی پولیس کی جانب سے سکیورٹی اقدامات کے تحت فیض آباد پبلک ٹرانسپورٹ اڈہ بند کر دیا گیا جبکہ 26 نمبر چونگی پر بھی تمام بس اڈے بند کردئیے گئے ہیں۔ میٹرو بس سروس بھی فیض آباد سے پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی۔سکیورٹی صورتحال کے باعث 26 نمبر چونگی سے اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں کو جانے والی ٹریفک معطل ہے اور فیض آباد و 26 نمبر چونگی سے کل ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی۔
سکیورٹی پلان کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے پر غیر معمولی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ریڈ زون میں بھی خصوصی انتظامات شامل ہیں۔راولپنڈی میں بھی فیض آباد کے آس پاس کے علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیض آباد لاری اڈہ، بس ٹرمینلز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور مارکیٹس بھی بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ اس علاقے سے انٹرا سٹی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر معطل ہے ۔ جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹروبس سروس آج اسلام آباد میں مکمل بند رہے گی۔ آج صبح 6 تا شام 7 تک راولپنڈی صدر سے فیض آباد تک بس سروس بحال رہے گی۔