آزاد کشمیر اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی
مظفر آباد (اے پی پی) قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر نے نظرثانی میزانیہ 26-2025 اور تخمینہ میزانیہ 27-2026 منظور کر لیا ۔
قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے بعد وزیر خزانہ چودھری قاسم مجید نے فنانس بل 2026 ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ نظر ثانی میزانیہ2025-26کی کل لاگت 2کھرب62ارب 16کروڑ 54لاکھ روپے جبکہ تخمینہ میزانیہ 2026-27کا کل حجم 2کھرب 86ارب روپے ہے ۔ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے بجٹ اجلاس میں وزیرخزانہ چودھری قاسم مجیدنے نظرثانی میزانیہ 2025-26 اور تخمینہ میزانیہ 2026-27ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال2026-27کے لئے مجموعی وصولیوں / آمدن اور اخراجات کا تخمینہ 2کھرب50ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 36ارب روپے لگایا گیا ہے ۔ قبل ازیں آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے مالی سال27 -2026 کے بجٹ کی منظوری دی۔