’آباد‘ایچ بی ایف سی کے حصص خریدنے کی خواہاں
کنسورشیم تشکیل دیا جارہا،حکومت اور آباد میں جلد اسلام آباد میں اجلاس متوقع معروف بینک، ایک فاؤنڈیشن اور تین سرمایہ کار گروپس شراکت دار ہوں گے نجکاری سے کم لاگت ہاؤسنگ فنانس، تعمیراتی صنعت کو نئی رفتار ملیگی،حسن بخشی
کراچی (محمدحمزہ گیلانی)پاکستان کے نجکاری پروگرام میں ایک اور تاریخی اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے قومی ایئر لائن کے بعد اب ملک کے ایک اور قدیم اور اہم مالیاتی ادارے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے عمل میں نجی شعبے نے باضابطہ طور پر دلچسپی ظاہر کردی ہے ۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان نے حکومت کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ قومی ادارے ایچ بی ایف سی کے حصص خریدنے کی خواہش مند ہے اور اس مقصد کے لیے ایک مضبوط کنسورشیم تشکیل دیا جا رہا ہے ۔دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے بتایا کہ حکومت اور آباد کے درمیان جلد اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوگاجس میں وفاقی وزیر نجکاری اور متعلقہ حکام کے ساتھ ایچ بی ایف سی کی نجکاری، ادارے کی مالیت، حصص کی فروخت ، سرمایہ کاری کے طریقہ کار اور خسارے کے تصفیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایاکہ آباد اس منصوبے میں تنہا حصہ نہیں لے رہا بلکہ ایک مضبوط کنسورشیم تشکیل دیا جارہا ہے جس میں آباد کے علاوہ ایک معروف بینک، ایک فاؤنڈیشن گروپ اور تین دیگر بڑے سرمایہ کار گروپس شراکت دار کے طور پر شامل ہوں گے ۔ چیئرمین آباد نے مزید انکشاف کیا کہ آباد ایچ بی ایف سی کے کم از کم 25فیصد اور زیادہ سے زیادہ 50 فیصد حصص خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔حسن بخشی کے مطابق اگر نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوتا ہے تو اس سے نہ صرف ایچ بی ایف سی کی مالی اور انتظامی صلاحیت میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان میں کم لاگت ہاؤسنگ فنانس، تعمیراتی صنعت اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو بھی نئی رفتار ملے گی۔