پاکستان بین الاقوامی زیتون کونسل کامستقل رکن بن گیا
وفاقی وزیرراناتنویر نے کونسل کے 123ویں اجلاس میں اپنی نشست سنبھال لی ایگزیکٹو ڈائریکٹر،چیئرمین کونسل اور تمام رکن ممالک کا پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم
اسلام آباد،لزبن (وقائع نگار،اے پی پی) پاکستان نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی زیتون کونسل کے 123ویں اجلاس میں مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی نشست سنبھال لی۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے منگل کے روز لزبن میں اقوامِ متحدہ کے تحت قائم انٹرنیشنل اولیو کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔اس موقع پر پرتگال میں پاکستان کی سفیرعائشہ فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھیں،مئی 2026 میں بین الاقوامی زیتون کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے بعدپاکستان کو پہلی مرتبہ کونسل کے 123ویں اجلاس میں 27 دیگر زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی نشست سنبھالنے کی دعوت دی گئی،کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر،چیئرمین اور تمام رکن ممالک نے پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی زیتون کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کونسل کے مقاصد اور اہداف کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 55,669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت کاشت کئے جا چکے ہیں۔پاکستان اب تصدیق شدہ زیتون کے پودوں کی مقامی سطح پر پیداوار میں بھی خود کفیل ہو چکا ہے ۔ ان کامیابیوں کے اعتراف میں پاکستان نے گزشتہ سال New York International Olive Oil Competition میں سلور ایوارڈ بھی حاصل کیا۔