ایچ نائن ہفتہ وار بازار آتشزدگی کی فرانزک تحقیقات کا فیصلہ
نیشنل فرانزک ایجنسی کا دورہ جائے حادثہ ، شواہد اکٹھے کر کے لیبارٹری ارسال تحقیقاتی کمیٹی نے بھی حفاظتی انتظامات میں خامیوں بارے معلومات جمع کر لیں
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے کے ایچ نائن ہفتہ وار بازار میں گزشتہ ہفتے لگنے والی آتشزدگی کے واقعے پر پہلی مرتبہ فرانزک تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے آگ کی حقیقی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کے ذریعے فرانزک تجزیہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں نیشنل فرانزک ایجنسی کی ٹیموں نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی درخواست پر نیشنل فرانزک ایجنسی کے ماہرین نے موقع پر پہنچ کر جلے ہوئے سٹالز اور ملبے سے مختلف نمونے اکٹھے کیے ۔
جنہیں مزید جانچ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ایچ نائن بازار میں آگ لگنے کے نتیجے میں سینکڑوں دکانیں اور سٹالز جل کر خاکستر ہو گئے تھے ۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد متاثرین کو معاوضے کی تقسیم کے لیے باقاعدہ طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے ریسکیو عمل میں پیش آنے والی رکاوٹوں اور حفاظتی انتظامات میں خامیوں کے بارے میں بھی معلومات جمع کر لی ہیں جنہیں فرانزک رپورٹ کے ساتھ منسلک کر کے حتمی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔