گوجرانوالہ،اوکاڑہ میں مبینہ مقابلے ،3 خطرناک ملزم ہلاک

گوجرانوالہ،اوکاڑہ میں مبینہ مقابلے ،3 خطرناک ملزم ہلاک

کینٹ میں مغیث ساتھیوں کی گولیوں کانشانہ بنا،اروپ میں احمد ماراگیا دونوں شہروں میں 5ملزم زخمی حالت میں گرفتار،تین فرار ہو گئے

گوجرانوالہ،اوکاڑہ (کرائم رپورٹر،خبر نگار)گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 خطرناک ملزم ہلاک جبکہ 5 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کے علاقے میں قتل کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر موجود ملزم مغیث فرزان کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے دو نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر کے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا ۔ ہلاک ملزم جنوری 2025 میں شہری سلیمان کو گھر کی دہلیز پر قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث تھا اور کرائے کا شوٹر تھا۔دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ اروپ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اقدام قتل کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر موجود ملزم احمد عرف عاقب کو برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران اس کے تین ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں احمد عرف عاقب مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم سنگین جرائم کے

 20 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ادھر تھانہ کوٹ لدھا پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ڈکیتی، رہزنی اور چوری کے 18 مقدمات میں مطلوب ملزمان قیصر عرف نومی اور یاسر کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا تھانہ سٹی وزیرآباد پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ملزم شرجیل خان کو ناکہ بندی سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ اوکاڑہ میں پہلا مقابلہ تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں ہوا جہاں پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں ریکارڈ یافتہ مبینہ ڈاکو ذوالنورین زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو ڈکیتی اور چوری کی 21 وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ پایا گیا۔دوسرا مقابلہ حویلی لکھا کے علاقے پناہ نگر پل کے قریب ہوا جہاں پولیس ناکے پر 4 ڈاکوؤں کی مبینہ فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مقصود عرف کالے خاں ہلاک جبکہ اس کا ساتھی علی افضل زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیادو ملزم فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق دونوں ملزم بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی و رہزنی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے ۔ گرفتار ملزم سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں