مہمند:پولیس افسر سمیت 2اہلکار شہید،کئی دہشتگرد ہلاک

 مہمند:پولیس افسر سمیت 2اہلکار شہید،کئی دہشتگرد ہلاک

تھانہ یکہ غنڈ کی حدود میں دہشتگردوں نے پولیس کی موبائل گاڑی پرفائرنگ کر دی ایڈیشنل ایس ایچ اوزیت اللہ اور اہلکار نور زیب شہید ہو گئے ، وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس

پشاور (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )پختونخوا کے ضلع مہمند میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے مقابلہ میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 2پولیس اہلکار شہید،ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ متعدد حملہ آور ہلاک ہو گئے ۔ترجمان مہمند پولیس کے مطابق تھانہ یکہ غنڈ کی حدود مچنی میں ورسک لفٹ کینال کے قریب دہشتگردوں نے جمعہ کے روز معمول کی گشت پر مامور یکہ غنڈ پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او زیت اﷲاور ایلیٹ فورس کا اہلکار نور زیب شہید،موبائل ڈرائیور ظاہر زخمی ہوگیا،جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک ہوگئے ،واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ۔ مزید برآں شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائن غلنئی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ،اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا ئکے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایلیٹ فورس کے جوان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ،اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں،دہشت گرد مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ،حکومت شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں