لاہور :غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف کارروائی شروع،744کو نوٹس
ایجوکیشن اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ سکولوں کی انتظامیہ سے 3 روز میں جواب طلب
لاہور(خبر نگار)لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر کے 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 3 روز میں جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی اور پہلے مرحلے میں شہر کے 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں ۔نوٹسز میں غیر رجسٹرڈ سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن سے متعلق وضاحت اور مطلوبہ ریکارڈ جمع کرائیں، مقررہ مدت میں جواب نہ دینے یا قواعد پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے مطابق غیر رجسٹرڈ سکولوں پر قوانین کے تحت 3 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارے چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اس کارروائی کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو قانونی دائرہ کار میں لانا، طلبہ کے تعلیمی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور سکولوں میں مقررہ معیار اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے ۔ نوٹسز کے بعد قواعد پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔