پنجاب میں 1 کروڑ بچے سکولوں سے باہر، یکساں نظام تعلیم ہونا چاہیے : حافظ نعیم

پنجاب میں 1 کروڑ بچے سکولوں سے باہر، یکساں نظام تعلیم ہونا چاہیے : حافظ نعیم

بھارت کی آئی ٹی برآمدات ڈھائی سو ارب ڈالر ، پاکستان کی صرف 4 ارب ڈالر ہیں،25ارب تک جاسکتی ہیں بنو قابل حقیقی گیم چینجر ، جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو تعلیم مفت کردینگے :امیر جماعت اسلامی پاکستان ،خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا سب سے بڑا سرمایہ، حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)کی معیاری تربیت  فراہم کرے تو یہ ملک کا قرضہ اتار دیں گے ، بھارت کی آئی ٹی برآمدات ڈھائی سو ارب ڈالر ، پاکستان کی صرف 4 ارب ڈالر ہیں جو باآسانی 25 ارب تک جاسکتی ہیں ، بنو قابل حقیقی گیم چینجر ، جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو تعلیم مفت کردیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ بنو قابل گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے 1200 طلبہ و طالبات میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے جبکہ امیر جماعت اسلامی نے بنوقابل کے تحت یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جس ملک کے پاس اتنا بڑا ہیومن ریسورس موجود ہو وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہیں رہ سکتا بشرطیکہ نوجوانوں کو مناسب تعلیم، تربیت اور مواقع فراہم کئے جائیں،چاروں صوبوں اور وفاق کا مجموعی تعلیمی بجٹ تقریباً 2 کھرب روپے ہے ، اس کے باوجود ملک میں پونے 3 کروڑ جبکہ صرف پنجاب میں 1 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، غریب اور امیر کیلئے الگ الگ تعلیمی نظام قابل قبول نہیں ،بنو قابل پروگرام کے تحت اب تک 16 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ،لاکھوں مختلف کورسز مکمل کر کے گریجویٹ ہو چکے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل چلانے والا ایک عام شہری بھی ہر لٹر پٹرول پر تقریباً 125 سے 150 روپے تک ٹیکس ادا کر رہا ہے ، حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں گزشتہ برس 1700 ارب اکٹھے کیے اور اب تک عوام کا خون نچوڑ کر مجموعی طور پر 8 ہزار ارب جمع کئے ، دوسری جانب آئی پی پیز کو سالانہ 2ہزار ارب اس بجلی کی مد میں جارہے ہیں جو وہ پیدا ہی نہیں کرتے ، بجٹ کا بڑا حصہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ برسوں سے اقتدار سے چمٹے عناصر نے ملک کو نقصان پہنچایا،یہ ملک چند خاندانوں کا نہیں عوام کا ہے ، جماعت اسلامی ملک میں نظام کی حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں