سندھ ویجز بورڈ:کم ازکم ماہانہ اجرتوں میں اضافے کی شرحیں جاری
نیم ہنر مند کارکن کی تنخواہ 44484، ہنر مند کی 53350روپے ہوگی اعلیٰ ہنر مند کی 55626 روپے رکھنے کی تجویز، 14 روز میں اعتراض طلب
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ منیمم ویجز بورڈ نے صوبے بھر کی 60مختلف صنعتوں میں کام کرنیوالے نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کی کم از کم ماہانہ اجرتوں میں اضافے کی مجوزہ شرحیں سرکاری گزٹ کے ذریعے جاری کر دی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ اجرتوں میں 7.5 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی۔ مجوزہ نئی کم از کم ماہانہ اجرت کے تحت نیم ہنر مند کارکن کی تنخواہ 44 ہزار 484 روپے ، ہنر مند کارکن کی 53 ہزار 350 روپے جبکہ اعلیٰ ہنر مند کارکن کی کم از کم ماہانہ اجرت 55 ہزار 626 روپے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔
سندھ منیمم ویجز بورڈ کے مطابق یہ مجوزہ شرحیں مہنگائی، معاشی حالات، پیداواری صلاحیت اور سہ فریقی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن پر عوام، صنعتکاروں، آجر تنظیموں اور مزدور نمائندوں سے 14 روز کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ مجوزہ کم از کم اجرتیں سندھ کی 60 صنعتوں پر لاگو ہوں گی، جبکہ آجر کسی بھی کارکن کو مقررہ کم از کم اجرت سے کم تنخواہ ادا نہیں کر سکیں گے اور مرد و خواتین کارکنوں کو یکساں نوعیت کے کام پر مساوی کم از کم اجرت دینا لازم ہوگا۔