100 میگا واٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کا جی بی کے عوام کیلئے تحفہ : شہباز شریف
پاور ڈویژن منصوبے کی تنصیب کیلئے ذ مہ داری پوری کرے ،خریداری کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے ہدایت 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری سٹوریج سمیت 18 میگاواٹ سولر سسٹم دسمبرتک نصب کیا جائیگا ، بریفنگ
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا کہ ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کے لئے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے ، 100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے لئے 100 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاور ڈویژن منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ذ مہ داری پوری کرے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سولر منصوبے کیلئے خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے۔
تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق کے بعد کی جائیں۔ اجلاس کو گلگت بلتستان شمسی توانائی منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایاگیاکہ منصوبے کے تحت 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری سٹوریج سمیت 18 میگاواٹ سولر سسٹم دسمبر 2026 تک نصب کر دیا جائے گا۔ 82 میگاواٹ یوٹیلیٹی سکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ،بریفنگ میں بتایاگیاکہ 82 میگاواٹ سولر منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ۔ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں سروس کا معیار بہتر ،لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔