‘‘اپنا گھر،محفوظ گھر’’ پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ کوتاہی برداشت نہیں : مریم نواز

‘‘اپنا گھر،محفوظ گھر’’ پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ کوتاہی برداشت نہیں : مریم نواز

مخدوش گھروں کو رینوویشن کیلئے 5 لاکھ،نئی بلڈنگ سٹوری یا اضافی فلور بنانے کیلئے سود فری 10 لاکھ دیئے جا ئینگے بحران میں بیانات نہیں،اقدامات ہی گڈ گورننس :اجلاس میں گفتگو،وزیراعلیٰ سے سپیکر ملک محمد احمد کی ملاقات

لاہور(نیوزایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ جیسے سانحات کی روک تھام کیلئے پنجاب کے گھروں کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سے ‘‘اپنا گھر،محفوظ گھر’’ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی جلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام کے تحت 2 نئی کیٹیگریز متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔اپنا گھر،محفوظ گھر پروگرام کے تحت کمزور چھتوں والے خستہ حال اور مخدوش گھروں کو محفوظ بنا کر رینوویشن کیلئے 5 لاکھ دیئے جائیں گے ۔ اپنا گھر ،محفوظ گھر  پروگرام کے تحت نئی بلڈنگ سٹوری یا اضافی فلور بنانے کیلئے سود فری آسان اقساط پر 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ اس موقع پر باکو میں پنجاب پاکستان پویلین کی شاندار کامیابی کی رپورٹ اورخصوصی دستاویزی ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔

اجلاس میں اپنی چھت۔ اپنا گھر پروگرام کے تحت 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کیلئے سود فری آسان اقساط قرض منظور کیے گئے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت ،اپنا گھر پروگرام کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم کر دیا گیا۔ اپنی چھت ،اپنا گھر منصوبے کے لیے 2178 ارب روپے جاری کر دیئے گئے جبکہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ساڑھے 27 ہزار گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ‘‘ اپنی چھت،اپنا گھر’’ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 1 لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے  اپنی چھت ،اپنا گھرپروگرام کی دوسری قسط کو تین دن کے اندر اندر عوام کو جاری کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ بحران میں بیانات نہیں،عملی اقدامات گڈ گورننس ہے ۔

اپنی چھت ،اپنا گھر اور منسلک تمام پروگرامز پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے ،کوتاہی برداشت نہیں کرونگی۔ غریب پر کوئی بوجھ ڈالیں گے نہ ہی قرض کے حصول کے ضوابط میں کوئی تبدیلی کی جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی زمین، اپنا گھرپروگرام کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار پلاٹ د ئیے گئے ۔ اجلاس میںاپنی زمین ،اپنا گھر پروگرام کے تحت علاقوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نے گھر بنانے کے لئے حصول قرض کوپہلے سے بھی زیادہ آسان بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ جن 2 ہزار بے گھر خاندانوں کو حکومت نے مفت پلاٹ دیئے اب انکو گھر بنانے کے لئے قرضہ بھی دیا جائے گا،جن کے گھر مخدوش یا چھتیں کمزور ہیں پنجاب حکومت محفوظ اور بہتر بنانے میں معاونت کرے گی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کی کارروائی کو باہمی ہم آہنگی سے فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جیل اصلاحات کیلئے قانون سازی کے امور پر گفتگو کی گئی اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے بطور سپیکر پنجاب اسمبلی حکومتی اور اپوزیشن اراکین کو قانون سازی میں شمولیت کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔سپیکرملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغام امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ کی طرف سے شاندار پالیسی پیش کرنے ،اپنا کھیت،اپنا روزگار سکیم کے اجرا پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے  اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم کو پوری ٹیم کی کامیابی قراردیا اور کہا کہ پنجاب میں عوام کیلئے ہر روز نت نئے پراجیکٹ لارہے ہیں۔

حکومت کی نظر اب پسماندہ علاقوں پر ہے جہاں سڑکوں پر الیکٹرک بسیں اور زراعت میں جدید مشینری لارہے ہیں۔ دوسری طر ف وزیراعلیٰ مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کے رہنما برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ برہان وانی شہید مقبوضہ جموں و کشمیرکے حقیقی ہیرو ہیں۔برہان وانی کی شہادت نے ثابت کیا کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے ۔ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کا مقدمہ دنیا بھر میں اجاگر کرتا رہے گا۔ اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے وہ کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں