سانحہ زیارت میں شہید 3اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
صوبائی وزیر خوراک،ڈی آئی جی سبی، ڈی سی زیارت سمیت عوام کی شرکت
ہرنائی/سنجاوی(نامہ نگار)سنجاوی کے فٹ بال سٹیڈیم میں سانحہ زیارت میں شہید ہونے والے 3پولیس اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر خوراک و فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ، ڈی آئی جی سبی رینج پرویز عمرانی، ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی اور ایس پی زیارت عبدالمالک سمیت بڑی تعداد میں عوام اور سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ اور دیگر افسروں نے شہدا کے جنازوں کو کندھا دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ حکومت اور عوام غم کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سنجاوی، زیارت اور ہرنائی کے عوام نے شہدا کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔دعا کی گئی کہ اﷲتعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔ شرکا نے کہا کہ ہمارے شہدا نے پاکستان اور بلوچستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔