مون سون کا نیا سپیل شروع لاہور ودیگر شہروں میں بارش
اسلام آباد،لاہور،پشاور(نیوز ایجنسیاں) مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوتے ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے گرمی کی شدت نمایاں کم ہوگئی۔
اسلام آباد ،راولپنڈی،گجرات میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ، خراب موسم سے کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ لاہور،حافظ آباد،ڈسکہ ،وزیر آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی۔ موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور میں صبح سے دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش سے لیسکوکا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، 190 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔ دوران ِ بارش بجلی کے نظام میں خرابیاں پیدا ہونے سے فیڈرز بند اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے سے بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔صارفین کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے ۔ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کوہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 51 ملی میٹر بارش نارووال میں ہوئی۔ راولپنڈی 36 ،گجرات 28 ، سیالکوٹ 24 ، مری ، اٹک 19، 19 ، چکوال 4 ،لاہور 3 اور منڈی بہائوالدین میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی ۔دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردارکیا ہے کہ مون سون بارشوں سے شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ،گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے ۔