پولیس کے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،ایف سی کمانڈرز

پولیس کے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،ایف سی کمانڈرز

کمانڈرز کی شہدا کی قبروں پر حاضری، پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی

 اسلام آباد(دنیا رپورٹ)زیارت میں شہدا کے لواحقین سے ایف سی کمانڈرز کی ملاقات اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس کے بہادر جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے مکمل متحد ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان (نارتھ) کے کمانڈرز نے شہدا کی قبروں پر حاضری دی ، پھولوں کی چادریں  چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایف سی قیادت کا یہ اقدام اداروں کے مابین گہرے اور مضبوط تعلق کا عکاس ہے ۔ ریاست کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نیم فوجی دستے الگ تھلگ رہ کر نہیں لڑتے بلکہ غم کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کے شریکِ سفر ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مل کر نبرد آزما ہیں۔ملاقاتوں کے موقع پر موجود ایک اعلیٰ افسر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیس کے بھائیوں کا خون ہم سب پر ایک قرض ہے ۔ ہم اس دکھ کو ایک ہی خاندان کی طرح محسوس کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ایک ہی محاذ پر متحد کھڑے ہیں۔ایف سی حکام نے سوگوار خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے پیاروں کی قربانیوں کو نہ کبھی فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی ان کا خون رائیگاں جانے دیا جائے گا۔بلوچستان کے علاقے زیارت میں دہشت گردی کی حالیہ بزدلانہ کارروائی میں پولیس کے 27 اہلکاروں نے بھارتی آلہ کار فتنہ الہند کے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ان میں سے 18 اہلکاروں کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیا تھا۔ ان بہادر جوانوں نے ہتھیار ڈالنے یا ریاست کی سلامتی پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپنی غیرت و وقار کو مقدم رکھا اور جامِ شہادت نوش کرکے پیشہ ورانہ وفاداری اور شجاعت کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں