امریکا،ایران کشیدگی کے باوجود آبنائے ہرمز سے 9جہاز گزرے
عالمی مارکیٹ متاثر ہونے سے پاکستان میں بھی تیل مہنگاہونیکاخدشہ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے اعلان کے بعد اگر صورتحال کشیدہ رہی تو اس کا اثر عالمی توانائی مارکیٹ پربھی پڑیگا جس سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونیکا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ونڈورڈ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات(11 جولائی شام 6 بجے سے 12 جولائی صبح 6 بجے تک ) AIS کے ذریعے ٹریک کی جانے والی بحری تجارتی آمدورفت کے دوران مجموعی طور پر آبنائے ہرمز سے 9 جہاز گزرے ، ان میں سے 4 جہاز ایرانی پرچم بردار تھے ۔ مجموعی طور پر اگر جائزہ لیا جائے تو11 اور 12 جولائی کے دوران آبنائے ہرمز میں17 بحری جہازوں کو ٹریک کیا گیا۔ ونڈورڈ کے مطابق یہ پیش رفت ایک کنٹینر بردار جہاز پر حملے اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کی خبروں کے بعد سامنے آئی۔ اگر کشیدگی برقرار رہی تو اثر عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی آئے گا اورپاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔ حکومت نے جمعہ کے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ،اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ جمعے کو ایک مرتبہ پھر پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا خدشہ ہے ۔ تاہم ایران کے بندش کے اعلان کے باوجود کچھ بحری جہاز اس سمندری گزرگاہ سے گزرے ہیں۔