آزاد کشمیر میں سچائی، مفاہمتی کمیشن بنایا جائے : بلاول، ایکشن کمیٹی نے لانگ مارچ روک دیا

آزاد کشمیر میں سچائی، مفاہمتی کمیشن بنایا جائے : بلاول، ایکشن کمیٹی نے لانگ مارچ روک دیا

بحران کے ذمہ دار وفاقی وزرا، پُرامن حل نکالاجائے ، بندوق ،دھرنے کے زور پر تبدیلی نہیں کی جا سکتی :خطاب چیئرمین اوپی ایف کی سربراہی میں قائم ٹیم نے مذاکرات کئے ،حکومت کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا:ذرائع

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری ہی کریں گے لیکن بندوق اور دھرنے کے زور پر کوئی آئینی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ مظفر آباد میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے خراب حالات سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا، بلاول بھٹو نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اعتماد کی بحالی کے اقدامات اور فر یقین سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مشاورت سے قومی سچائی و مفاہمتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز دی ہے ۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں معاملہ فہمی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا بحران وفاقی وزراء کے بیانات کی وجہ سے پیدا ہوا ، اب وفاقی حکومت کو ہی موجودہ بحران ختم کرنا ہے ، کشمیریوں کے خلاف کوئی غلط زبان استعمال کرتا ہے تو ہمارا دل ٹوٹ جاتا ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے کسی شخص کو یہ کہنے کی اجازت نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کے کون کشمیری ہے اور کون نہیں، موجودہ حالات میں مسائل کا حل طاقت کا استعمال نہیں ہو سکتا، کشمیریوں کا پسینہ گرے گا تو ہمارا خون گرے گا۔بلاول بھٹو نے مظاہرین سے احتجاج اور دھرنے ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن پُرتشدد احتجاج اور مظاہروں کی کسی صورت اجازت نہیں،کبھی نہیں چاہیں گے کہ کشمیر میں دہشتگردی کی سیاست پروان چڑھے ، بانی ایم کیو ایم نے کراچی میں جیسی سیاست کی میں کبھی نہیں چاہوں گاکشمیر میں ایساہو۔ ہماری خواہش ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل نکالاجائے۔

پاکستان کے سیاست دانوں، کشمیرکے سیاست دانوں اور احتجاج کرنے والوں کو سوچنا چاہیے ،کشمیریوں کا مسئلہ صرف آزاد کشمیرمیں حل کرنے کے حق میں ہوں تاہم دھرنے اور بندوق کے زور پر آئین میں ترمیم نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے ، ان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی، کوئی کبھی بھی ریاست کو سرنگوں نہیں کرسکتا، امن قائم کرنے میں فیلڈ مارشل کا کردار سب کے سامنے ہے ۔ دریں اثنا کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کور اور مذاکراتی کمیٹی کے نام اپنے خط میں بلاول بھٹو نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اعتماد کی بحالی کے اقدامات اور تمام فریقوں سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مشاورت سے قومی سچائی و مفاہمتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز دی ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلسل جانی نقصان قومی سانحہ ہے ہر کشمیری کی جان قیمتی ہے اور پرامن شہریوں کو دہشت گرد یا بیرونی ایجنٹ قرار دینا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف تمام الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ موجودہ بحران طاقت کے استعمال یا اشتعال انگیز بیانات سے حل نہیں ہو سکتا، اس لئے سابقہ معاہدوں، مقدمات، پابندیوں اور دیگر متنازع معاملات کا حل شفاف تحقیقات اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے ۔بلاول بھٹو نے تجویز دی کہ مجوزہ سچائی و مفاہمتی کمیشن کو وسیع اختیارات د ئیے جائیں تاکہ وہ تمام حقائق کا جائزہ لے کر قابلِ عمل سفارشات پیش کرے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر تمام فریق اس تجویز سے اتفاق کریں تو پاکستان پیپلز پارٹی بحران کے پرامن، منصفانہ اور دیرپا حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ 

مظفرآباد (بیورورپورٹ) کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا کی سربراہی میں قائم مذاکراتی ٹیم کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد کا لعدم ایکشن کمیٹی نے اپنا مجوزہ لانگ مارچ ایک ہفتے کے لئے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان گزشتہ پیر سے مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے جس کے بعد پیش رفت سامنے آئی ، کا لعدم ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات بھی پیش کگے ۔ ذرائع کا کہنا ہے مذاکراتی عمل ابھی جاری رہے گا ، تاہم حکومت کی جانب سے کا لعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات، مطالبات کی منظوری یا ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...