امریکی قونصل جنرل ، لاہور چیمبرکا تجارت بڑھانے پر اتفاق
نئی شراکت داریوں کیلئے لاہور میں امریکی کمرشل سروس سے رابطہ کریں:سٹیٹسن سینڈرز پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی منڈی تک رسائی میں سہولت دی جائے :فہیم الرحمٰن سہگل
لاہور(کامرس رپورٹر )امریکی قونصل جنرل اور لاہور چیمبرنے باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیاہے ۔امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے کہا ہے کہ امریکاپاکستان سے دیرینہ اقتصادی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہے ۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ انکے ہمراہ سیاسی و اقتصادی شعبے کے سربراہ ول کیمبل بھی موجود تھے۔ صدرلاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے امریکی وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔
فہیم الرحمٰن نے خطاب میں کہا امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جہاں پاکستان کی 20 فیصد برآمدات جاتی ہیں۔ یہ مضبوط تعلقات باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی منڈی تک رسائی میں سہولت دی جائے ۔ سٹیٹسن سینڈرز نے خطاب میں کہا گزشتہ مالی سال پاکستان اور امریکا میں دوطرفہ تجارت تقریباً 8.7 ارب ڈالر رہی، جس میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور تیار شدہ مصنوعات کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری اداروں کو لاہور میں امریکی کمرشل سروس سے رابطہ کرنے کی ترغیب دی اورکہا کہ یہ ادارہ پاکستانی کمپنیوں کو امریکی شراکت داروں سے جوڑنے ، ٹیکنالوجی کے تبادلے ، تجارتی وفود کے تبادلے اور امریکی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ پاکستانی کمپنیاں نئی شراکت داریاں قائم کر سکیں اور امریکا میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments