اولاد سے محروم خاتون کوخواجہ سرا سے تشبیہ پرملزم کو 5 لاکھ جرمانہ
صنفی بنیادوں پر تضحیک آمیز زبان دفتری حریف کیخلاف بطور ہتھیار استعمال :وفاقی محتسب
اسلام آباد (نامہ نگار)محکمانہ رقابت میں خاتون کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کرنے پر وفاقی محتسب انسدادِ ہراسیت نے پانچ لاکھ جرمانہ عائد کر دیا۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ کے خلاف منظم مہم کے تحت توہین آمیز پیغامات آن لائن شائع کیے ۔ شکایت کنندہ اولاد پیدا کرنے سے قاصر رہی، ملزم نے اس امر کو نشانہ بنا کر انہیں بار بار خواجہ سرا برادری سے تشبیہ دی۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ محض نسلی یا لسانی حوالوں کا استعمال از خود ہراسانی تصور نہیں ہوتا تاہم ملزم نے شعوری طور پر صنفی بنیادوں پر تضحیک آمیز زبان ایک شناخت شدہ دفتری حریف کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کی جو ایکٹ کی دفعہ 2(h) میں متعین امتیازی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ اس نوعیت کا طرزِ عمل شکایت کنندہ کے دفتری وقار، اعتماد اور خودمختاری کو مجروح کرنے کا باعث بنا اور دفتر میں معاندانہ و ناموافق ماحول کو جنم دیا۔ وفاقی محتسب نے ملزم پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، 4 لاکھ روپے شکایت کنندہ کے وقار کو نقصان اور تذلیل کے ازالے کے طور پر بطور معاوضہ اور 1 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments