پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر، مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے : شہباز شریف
خطے میں غیر یقینی صورتحال ،کشیدگی بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہونیکا اندیشہ،ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری رکھیں، جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے :وزیراعظم سادگی مہم میں عوام کا بھرپور کردار،سبسڈی کے ذریعے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا،اجلاس سے خطاب،ایمل ولی ودیگر کی ملاقاتیں
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی صورتحال میں غیر یقینی برقرار ہے ، ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے مکمل تیاری رکھیں،پٹرول کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے ، گزشتہ سادگی و کفایت شعاری مہم میں عوام نے بھرپور کردار ادا کیا جس پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم ہے ، ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے ۔ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کے جائزہ اجلاس میں سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی بچت کی قومی مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت فی الاوقت مستحکم ہے، ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے ،بروقت اور مؤثر حکومتی حکمتِ عملی سے ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کا بہترین انداز میں انتظام کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا۔ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں کے اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا۔
صوبائی حکومتوں سے مل کر پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کے مستقبل میں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ جس طرح گزشتہ سادگی مہم میں عوام نے بھرپور ساتھ دیا، اس طرز پر کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا۔اجلاس میں بریفنگ میں بتایاگیاکہ ملکی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کیلئے اس کی فراہمی کو یقینی بنا لیا گیا ہے ۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔دریں اثنا وزیراعظم سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سے چیئرمین قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی خورشید احمد ندیم نے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کو قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔جبکہ معروف دانشور، مصنف اور کالم نگار ڈاکٹر فاروق عادل نے وزیراعظم سے ملاقات کر کے اپنا سفر نامہ شاخِ زریں کے دائیں بائیں پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments