مریم نواز کا طلبہ کیلئے 1 لاکھ لیپ ٹاپ، 50 ہزار سکالر شپ کا اعلان : 5 اضلاع میں الیکٹرو بسوں کا آغاز
ساہیوال میں 10 نواز شریف سکول آف ایمیننس کا افتتاح ،سکولز میں سہولیات کیلئے 40ارب مختص 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس بھی دینگے ،تعلیم ، روزگار ریاست کی ذمہ داری :وزیراعلیٰ ،عارفوالہ میں خطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تحصیل عارف والا میں ساہیوال ڈویژن کیلئے 10 نواز شریف سکول آف ایمیننس کا افتتاح کرتے ہوئے صوبے میں تعلیمی، ٹرانسپورٹ، صحت، رہائش، زراعت اور فلاحی شعبوں میں متعدد نئے منصوبوں اور مراعات کا اعلان کیا۔ انہوں نے طلبہ کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور مزید 50 ہزار ہونہار سکالرشپس دینے کے ساتھ ساتھ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 40 ارب روپے، ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اور پانچ سال میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب وسائل کی کمی کو باصلاحیت طلبہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔
صوبے میں 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس قائم کئے جا رہے ہیں جہاں جدید کلاس رومز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) لیبز، کمپیوٹر لیبز، ایئرکنڈیشنڈ کلاسیں اور اعلیٰ معیار کی تدریسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہی معاشرتی مساوات اور ترقی کی ضمانت ہے ۔وزیراعلیٰ نے سرکاری سکولوں میں باتھ رومز، فرنیچر، کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور STEAM لیبز کے قیام کے لیے 40 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے طلبہ کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، مزید 50 ہزار ہونہار سکالرشپس اور ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ لڑکیوں سے الیکٹرک بائیک کی ڈاؤن پیمنٹ نہیں لی جائے گی جبکہ لڑکوں کے لیے صرف 15 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 10 ہزار سے زائد سرکاری سکول اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے پرواز کارڈ کے ذریعے تین لاکھ روپے تک معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔مریم نواز نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے 12 لاکھ بچوں کو سکولوں میں دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں مزید 25 لاکھ بچوں کا داخلہ ممکن ہوا۔ پنجاب میں طبقاتی فرق ختم کرتے ہوئے معیاری تعلیم ہر بچے تک پہنچائی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت دو لاکھ گھروں کی تعمیر، بے زمین افراد کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ، اپنی چھت، محفوظ چھت سکیم کے تحت گھروں کی مرمت کے لیے پانچ لاکھ روپے تک بلا سود قرض اور بڑے خاندانوں کے لیے اضافی کمروں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
ان کے مطابق صوبے میں تقریباً 40 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل ہو چکی ہے جبکہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹرک بس سروس کا بھی ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگست کے آخر تک پنجاب میں 1100 الیکٹرک بسیں فعال ہوں گی جبکہ رواں مالی سال کے دوران مزید 1500 بسیں شامل کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف ہے ، جس سے پنجاب میں پاکستان کا سب سے بڑا ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ نظام قائم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments