2025.26 برآمدات میں 5.93 فیصد کمی، بڑی صنعتوں کی پیداوار 5.77 فیصد بڑھ گئی

2025.26 برآمدات میں 5.93 فیصد کمی، بڑی صنعتوں کی پیداوار 5.77 فیصد بڑھ گئی

آٹو موبائل 58.82فیصد، چینی 31.54، پیٹرولیم مصنوعات 15.75، گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار میں 7.05فیصد اضافہ آئرن اینڈ سٹیل، سیمنٹ، کھاد، ادویات، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے ذیلی شعبوں میں منفی رجحان دیکھا گیا:رپورٹ ادارہ شماریات

اسلام آباد (مدثر علی رانا) سالانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.98 فیصد کمی، ماہانہ بنیاد پر اپریل کی نسبت مئی کے دوران پیداوار میں 1.21 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ جولائی تا مئی مجموعی پیداوار میں 5.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آٹو موبائل سیکٹر کی کارکردگی نمایاں رہی جس کی مئی 2026 میں پیداوار میں 20.81 فیصد رہی جبکہ گیارہ ماہ کی مجموعی پیداوار میں 58.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چینی کی پیداوار میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور مئی میں چینی کی پیداوار 23.25 فیصد ، جولائی تا مئی مجموعی طور پر 31.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مئی میں پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 15.75 فیصد بڑھی ، گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار میں 7.05 فیصد اضافہ ہوا۔ بعض شعبوں میں منفی رجحان رہا، آئرن اینڈ سٹیل کی پیداوار مئی میں 12.57 فیصد اور سیمنٹ کی پیداوار 9.36 فیصد کم رہی، کھاد کی پیداوار 4.77 فیصد گھٹ گئی۔ ادویات، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے بعض ذیلی شعبوں کی پیداوار میں بھی کمی ہوئی۔ دوسری رپورٹ کے مطابق جون میں برآمدات بالخصوص ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جون میں ٹیکسٹائل برآمدات سالانہ بنیاد پر 16 اعشاریہ 71 فیصد کم ہو کر ایک ارب 267 ملین ڈالر رہیں ، جون 2025 میں یہ حجم 1 ارب 521 ملین ڈالر تھا ۔ جون 2026 میں مجموعی برآمدات 2 ارب 252 ملین ڈالر رہیں جو مئی 2026 کے دو ارب 689 ملین ڈالر سے 16 اعشاریہ 25 فیصد کم ہیں۔

جون کے دوران تجارتی خسارہ چار ارب 679 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ، سال 2025-26 میں مجموعی برآمدات 30 ارب 139 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے 32 ارب 40 ملین ڈالر سے 5 اعشاریہ 93 فیصد کم ہیں ۔ اس عرصے میں درآمدات 8 اعشاریہ 14 فیصد اضافہ سے 69 ارب 761 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جس سے مجموعی تجارتی خسارہ بڑھ کر 39 ارب 622 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں معمولی بہتری دیکھی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جون 2025-26 ٹیکسٹائل برآمدات 0 اعشاریہ 26 فیصد اضافہ سے 17 ارب 930 ملین ڈالر رہیں، گزشتہ مالی سال یہ حجم 17 ارب 880 ملین ڈالر تھا ۔ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 3 اعشاریہ 87 فیصد اضافہ سے 4 ارب 288 ملین ڈالر، کاٹن یارن کی برآمدات 12 اعشاریہ 40 فیصد اضافہ سے 765 ملین ڈالر، دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 8 اعشاریہ 67 فیصد اضافہ سے 790 اعشاریہ 86 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...