عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین میں ترامیم کا فیصلہ، الیکشن کمیشن کمیٹی فعال
لیگل ریفارمز کمیٹی عام انتخابات 2024میں سامنے آنیوالی خامیوں، موجودہ قانون اور آئینی شقوں کا جائزہ لے گی ای سی پی الیکشن ایکٹ 2017، الیکشن رولز 2017کا جائزہ دسمبر تک مکمل، بلدیاتی قوانین پر 3ماہ میں رائے دیگا قوانین کو عالمی طریقوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں گی، مقصد شفاف، منصفانہ انتخابی عمل:ذرائع
اسلام آباد (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن پاکستان نے آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین اور آئین میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے اپنی لیگل ریفارمز کمیٹی فعال کر دی۔ کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام، تمام ونگز کے حکام شریک ہیں، کمیٹی موجودہ انتخابی قانون اور آئینی شقوں کا جائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی عام انتخابات 2024 میں سامنے آنے والی قانونی و آئینی خامیوں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی، الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو مؤثر اور جدید بنانے کیلئے قانونی فریم ورک کا جائزہ لے گا۔ الیکشن کمیشن آئین، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 میں ضروری ترامیم کی تجاویز تیار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابی قوانین میں خامیوں کی نشاندہی کر کے متعلقہ فورمز کو سفارشات بھیجے گا، الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کا جائزہ رواں برس دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع نے کہا کہ انتخابی قوانین کو عالمی بہترین طریقوں سے ہم آہنگ بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ انتخابی قوانین کا مقصد شفاف، منصفانہ اور یکساں انتخابی عمل یقینی بنانا ہے ، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل سے متعلق آئینی شقوں کا جائزہ 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف تیار کیا ہے ، بلدیاتی قوانین میں ترامیم پر الیکشن کمیشن نئی قانون سازی کے تین ماہ کے اندر اپنی رائے دے گا، الیکشن کمیشن کا مقصد انتخابی قوانین بدلتے حالات کے مطابق مؤثر اور جمہوری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments