پنجاب :پمپس کو ایندھن سپلائی محدود، شہری پٹرول کیلئے خوار
شہروں میں 50،دیہی علاقوں میں 90فیصد پٹرول پمپ متاثر :پٹرولیم ڈیلرز سٹاک کافی ہے ،اوگرا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کرے ،این سی ایم سی
لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پمپس کو ایندھن کی سپلائی محدود کردی،لاہور میں کئی پٹرول پمپس پر پٹرول کی قلت پیدا ہو گئی،شہری تیل کے حصول کیلئے خوار ہو گئے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی پمپس پر پٹرول دستیاب نہیں ہے، پٹرول پمپس کا عملہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کیلئے ہائی آکٹین فروخت کر رہا ہے ،پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سنٹرل پنجاب کے صدر نعمان مجید نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے پٹرول پمپوں کو تیل کی سپلائی محدود کئے جانے کی وجہ سے شہر میں طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد تیل سپلائی کیا گیا، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کے باعث سپلائی کم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی محدود ہونے سے دیہی علاقوں میں 90 فیصد اورشہری علاقوں کے 50 فیصد پٹرول پمپ متاثرہوئے ہیں ، علاوہ ازیں نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی)کے اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور طلب پوری کرنے کے لئے سٹاک کافی ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، این سی ایم سی کے ارکان، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، ممبر کسٹمز ایف بی آر، اوگرا اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اوگرا کے تجزیے میں ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کی گئی، جس پر اوگرا کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف مو ثر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments