یلو لائن منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیاں،نیب انکوائری شروع
چیئرمین کی ہدایت پرساڑھے آٹھ ارب کی ایڈوانس ادائیگیوں کا جائزہ لیا جائیگا
کراچی (سٹاف رپورٹر) بی آر ٹی یلو لائن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور ساڑھے آٹھ ارب روپے کی مبینہ ایڈوانس ادائیگیوں کے معاملے پر چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کراچی کو انکوائری کی ہدایت کردی، جس کے بعد نیب کراچی نے معاملے کی باضابطہ انکوائری شروع کردی ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق یلو لائن منصوبے میں کی جانے والی ساڑھے آٹھ ارب روپے کی ایڈوانس ادائیگیوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ یہ بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ ایڈوانس ادائیگیوں کے بعد منصوبے پر کون سے کام کیے گئے اور کون سے کام تاحال نہیں کیے گئے ۔
ذرائع کے مطابق نیب کراچی کی جانب سے منصوبے میں ہونے والی تمام مالی ادائیگیوں، کام کی پیشرفت اور ایڈوانس رقم کے استعمال کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔ انکوائری کے دوران متعلقہ حکام اور منصوبے سے وابستہ افراد سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ اور شواہد کے جائزے کے بعد مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی نوعیت کا تعین کیا جائے گا، جبکہ شواہد کی روشنی میں انکوائری کو اگلے مرحلے میں باقاعدہ تحقیقات میں تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ یلو لائن منصوبے کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو مبینہ اضافی ادائیگیوں اور مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں اینٹی کرپشن حکام نے گرفتار کیا ہوا ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق یلو لائن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، ایڈوانس ادائیگیوں اور منصوبے پر ہونے والے کام کی پیشرفت سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments