ساہیوال :پاسپورٹ دفتر پر چھاپہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت 9 گرفتار

ساہیوال :پاسپورٹ دفتر پر چھاپہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت 9 گرفتار

اعتراضات لگا کر سرکاری فیس کے علاوہ 5 ہزار روپے تک رشوت لینے کا انکشاف

ساہیوال (خبرنگار)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نے ریجنل پاسپورٹ دفتر ساہیوال میں چھاپہ مار کر مبینہ رشوت ستانی کے منظم نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت 9 سرکاری ملازمین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال محمد ہاشم رضا کی نگرانی میں ریجنل پاسپورٹ دفتر پر کارروائی کی گئی۔ گرفتار ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مراد زیدی، عمر فاروق، طلحہ عثمانی، عبدالجبار، طلحہ حسین، طٰہٰ خان، ارشاد، اسماعیل شاکر اور مبارک علی شامل ہیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جہاں ملزمان مبینہ طور پر پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کے کاغذات پر بلاجواز اعتراضات لگا کر سرکاری فیس کے علاوہ ایجنٹوں کے ذریعے 5 ہزار روپے تک رشوت وصول کرتے اور بعد ازاں پاسپورٹ کے اجرا میں سہولت فراہم کرتے تھے ۔ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے نیٹ ورک میں ملوث متعدد سہولت کاروں اور سرکاری اہلکاروں کے نام بھی ظاہر کیے ہیں۔ زیرِ تفتیش افراد میں سپیشل برانچ کے اہلکار طاہر حسین اور سجاد حسین، پرائیویٹ ایجنٹ اعجاز قادری، سکیورٹی گارڈ عبدالوہاب اور سویپر ننھا عرف سیموئیل مسیح شامل ہیں۔تھانہ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...