آزادکشمیر الیکشن:میرپور ڈویژن کے13حلقوں میں آج پولنگ،17ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر وقفہ جاری رہے گی ، 14 لاکھ سے زائد ووٹر ز کیلئے 2316 پولنگ سٹیشن و پولنگ بوتھ قائم ،1241 انتہائی حساس، 724 حساس قرار پولنگ میٹریل آراوز تک پہنچا دیا گیا ، رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، چیف سیکرٹری ،عوام بے یقینی کا جواب ووٹ سے دیں ،سیکر ٹر ی الیکشن کمیشن
مظفر آباد ،میرپور (بیورو رپورٹ ، اے پی پی،دنیا نیوز )آزادکشمیر میں عام انتخابات کے پہلے مرحلہ میں میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ آج ہوگی، جہاں 14 لاکھ سے زائد ووٹرز 288 امیدواروں میں سے اپنے نمائند وں کا انتخاب کرینگے ،میڈیا پولنگ ختم ہونے کے 2 گھنٹے بعد غیر حتمی،غیر سرکاری نتائج جاری کرسکے گا،پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر وقفہ کے جاری رہے گی۔ میرپورڈویژن میں 2316 پولنگ سٹیشن و پولنگ بوتھ قائم کئے گئے جن میں1241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں ،میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں، انتظامات اور سکیورٹی کی نگرانی کے لئے ڈویژن بھر میں 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم کئے گئے ہیں ،میرپور ڈویژن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجموعی طور پر 17 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے ، جس میں ضلع میرپور کے لئے 5536، بھمبر کے لئے 4504 اور ضلع کوٹلی کے لئے 8520 اہلکار شامل ہیں، سکیورٹی کا تین سطح نظام تشکیل دیا گیا ،اس نظام کے تحت پولیس فرسٹ ٹیئر کے طور پر کام کریگی ،سول آرمڈ فورسز سیکنڈٹیئر جبکہ پاک فوج تھرڈ ٹیئر کے طور پر خدمات انجام دے گی ،پاک فوج کے 2100 جوان بھی انتخابی سکیورٹی کے لئے تعینات کئے جائیں گے۔
مظفرآباد میں سیکر ٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خوشحال خان نے کہا کہ آئین کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا ، انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں پولنگ میٹریل تمام ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت انتخابی ماحول اپنے عروج پر ہے ، مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز، بینرز، پوسٹرز اور سیاسی جماعتوں کے پرچم نمایاں ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد کشمیر میں موجود ہے ،انہوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ اس بار بھی عوام بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن خراب کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی ،سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ،اس موقع پر سیکر ٹر ی الیکشن کمیشن نے کہا کہ22 ہزار انتخابی عملہ تعینات کردیا گیا ، تمام تیاریاں مکمل ہیں اور چیف الیکشن کمشنر نے میرپور کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ،سیکر ٹر ی الیکشن کمیشن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ سے متعلق پرانی ویڈیوز چلا کر بے بنیاد تاثر دیا جا رہا ، ان کا کہنا تھا کہ عوام بے یقینی کا جواب ووٹ سے دیں اور اپنے پسندیدہ نمائندے کا انتخاب کریں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments