بجلی پیدا کیے بغیر آئی پی پیز کو 5 سال میں 7275 ارب روپے ادائیگی

 بجلی پیدا کیے بغیر آئی پی پیز کو 5 سال میں 7275 ارب روپے ادائیگی

بجلی گھروں کو مجموعی طورپر 13 ہزار 397 ارب ادا کیے گئے ، ان میں بجلی کی اصل صرف 6 ہزار 121 ارب روپے تھی 2023 میں،1030 ارب،2024 میں 1902 ارب،2025 میں 1807 ارب ،2026 میں1430 ارب ادائیگی

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بجلی گھروں کو 13 ہزار 397 ارب روپے ادا کیے گئے ۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب دستاویزات کے مطابق حکومت نے پانچ سالوں کے دوران مالی سال 2022 سے مالی سال 2026 کے مارچ تک مجموعی طور پر بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو 13 ہزار 397 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کیں۔ ان ادائیگیوں میں صرف 6 ہزار 121 ارب روپے سے زائد رقم بجلی کی اصل قیمت تھی، جبکہ باقی 7 ہزار 275 ارب روپے سے زائد رقم آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کی گئی۔یعنی 7 ہزار 275 ارب روپے سے زائد رقم صارفین سے وصول کرکے بجلی گھروں کو اس لیے ادا کی گئی کہ انہوں نے بجلی پیدا ہی نہیں کی۔گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ کیپسٹی پیمنٹس میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ۔ بجلی گھروں نے جو اصل بجلی پیدا کی اس کے نرخ کم ہوتے گئے لیکن انہیں کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادائیگیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔

مالی سال 2022 میں حکومت نے بجلی گھروں سے 1400 ارب روپے سے زائد کی بجلی خریدی جبکہ مالی سال 2023 میں بجلی گھروں سے خریدی گئی بجلی کی قیمت 1271 ارب روپے سے زائد تھی۔ مالی سال 2024 میں بجلی کی خریداری پر 1188 ارب روپے ادا کیے گئے ۔ مالی سال 2025 میں بجلی کی خریداری کے لیے 1149 ارب روپے ادا کیے گئے جبکہ مالی سال 2026 کے اپریل تک 1023 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔دوسری جانب کپیسٹی پیمنٹس کی ادائیگیوں میں ان پانچ سالوں کے دوران مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال 2022 میں بجلی گھروں کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 829 ارب روپے ادا کیے گئے تھے ۔ مالی سال 2023 میں یہ کیپسٹی چارجز بڑھ کر 1030 ارب روپے سے زائد ہوگئے جبکہ مالی سال 2024 میں یہ 1902 ارب روپے سے زائد تھے جو بجلی گھروں کو ادا کیے گئے ۔مالی سال 2025 میں یہ ادائیگیاں معمولی کمی کے بعد 1807 ارب روپے رہ گئیں، جبکہ مالی سال 2026 کے اپریل تک ان کمپنیوں کو 1430 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔آئی پی پیز کو مجموعی طور پر پانچ سالوں کے دوران 7 ہزار 275 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...