پی آئی اے کی دبئی سے اسلام آباد پرواز میں مسافروں کی ہنگامہ آرائی، متعدد گرفتار

پی آئی اے کی دبئی سے  اسلام آباد پرواز میں مسافروں  کی ہنگامہ آرائی، متعدد گرفتار

دبئی ،اسلام آباد (آئی این پی )دبئی سے اسلام آباد آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 212 میں تاخیر کے بعد ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی اور متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 212 میں پیش آنے والے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل تاخیر کے بعد بعض مسافروں نے طیارے میں بد نظمی پیدا کی، جنہیں سکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق گزشتہ رات دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 212 کو خطے کی صورتحال کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ دبئی ایئرپورٹ حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا تھا، جس کے باعث پی آئی اے کی پرواز روانگی کیلئے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے انتظار کرتی رہی۔دورانِ انتظار طیارے میں موجود مسافروں کو زمین پر ہی کھانا فراہم کیا گیا، تاہم کھانے کے بعد کچھ مسافروں نے طیارے کے اندر بد نظمی شروع کر دی اور مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ترجمان کے مطابق فلائٹ عملے نے کاک پٹ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا، تاہم ایک مشتعل مسافر نے طیارے کی کھڑکی کو نقصان پہنچایا۔ صورتحال سنگین ہونے پر دبئی سکیورٹی حکام کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے طیارے کا دروازہ کھلوایا اور ہنگامہ کرنے والے مسافروں کو حراست میں لے لیا۔پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے ، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...