ٹول ٹیکس، پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹ کا 8اگست سے ہڑتال کا اعلان

ٹول ٹیکس، پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹ کا  8اگست سے ہڑتال  کا  اعلان

ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس، ود ہولڈنگ ٹیکس کم کیا جائے ، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں ماہانہ بنیادوں پر مقرر کی جائیں پرانی گاڑیوں کی منسوخی کا قانون ختم کیا جائے ، ہڑتال غیر معینہ مدت کیلئے ہوگی :شہزا د اعوان،منی مزداایسوسی ایشن کی حمایت

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ٹول ٹیکس میں اضافے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے خلاف 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ،منی مزداایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی ، آل پاکستان  گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 اگست بروز ہفتہ سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال ہوگی ،انہوں نے کہا وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک مستعفی ہو جائیں ، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس لیا جائے ، انہوں نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر مقرر کرنے اور ود ہولڈنگ ٹیکس 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے  ایکسل لوڈ پر عملدرآمد کرنے اور 10 تا 20 سال پرانی گاڑیوں کی منسوخی کے قانون کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثات میں 97 لاکھ دیت کا قانون واپس لیا جائے اور ڈرائیورز کو ایچ ٹی وی لائسنس جاری کیا جائے ۔انہوں نے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر پارکنگ کی فراہمی، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور سندھ سرکار کی تھرڈ پارٹی انشورنس کی منسوخی کا بھی مطالبہ کیا،ادھر پاکستان منی مزداایسوسی ایشن کے مرکزی صدر تنویر احمد جٹ نے پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس میں شمولیت کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...