آزاد تجارتی معاہدے پر پیشرفت ، بارڈر ٹریڈ کا فروغ ، پاکستان ایرن مذاکرات آج

 آزاد تجارتی معاہدے پر پیشرفت ، بارڈر ٹریڈ کا فروغ ، پاکستان  ایرن مذاکرات آج

دو طرفہ تجارت 10ارب ڈالر تک پہنچانے ، سرمایہ کاری، کسٹمز، بینکاری، اقتصادی تعاون، علاقائی رابطوں کے اقدامات پر غور نجی شعبے میں کاروباری تعاون گہرا کرنے پر تبادلہ خیال، دسویں مشترکہ تجارتی کمیٹی اجلاس کیلئے دو ایرانی وفود اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور ایرانی وزیر صنعت، کان و تجارت محمد اتابک اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔پاکستان اور ایران کے درمیان دسویں مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا اجلاس آج ہوگا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد 22 ارکان پر مشتمل ہے ، ایران چیمبر آف کامرس کا 16 رکنی کاروباری وفد بھی اجلاس میں شرکت کرے گا۔ اجلاس میں پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر پیش رفت اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر غور ہوگا۔ پاک ایران تجارت، سرمایہ کاری، کسٹمز، بینکاری تعاون اور سرحدی تجارتی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال اور نجی شعبے کے روابط اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو سمیت اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات بھی زیرِ غور آئیں گے۔

ایرانی وفد کی ایف پی سی سی آئی آمد بھی متوقع ہے جہاں کاروباری برادری کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی اور دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے اور نجی شعبے کے روابط پر بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا اعادہ کیا ہے ۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے دوران اتفاق کیا گیا تھا کہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا۔ ان کے گزشتہ دورے کے دوران اس بات پر دوبارہ زور دیا گیا تھا۔ ایرانی وفد کا دورہ اسی کا تسلسل ہے ۔ ایران کے وفد سے قبل تکنیکی سطح کی ٹیم پرسوں رات کو پاکستان پہنچی تھی جبکہ ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد کل رات پاکستان پہنچا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...