خیبر پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 10خوارج ہلاک
جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں چیک پوسٹوں پر حملے ناکام، 8 دہشتگرد مارے گئے دیر میں مزید 2 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، صدر ،وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف 2 الگ آپریشنز کے دوران پاک فوج نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی 6 اگست کو جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے ۔دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس طرح دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے ۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments