3ممالک کا اتحاد اسلامی نیٹو کا آغاز ہے :رانا تنویر

3ممالک کا اتحاد اسلامی نیٹو کا آغاز ہے :رانا تنویر

جلد دیگر اسلامی ممالک بھی شامل ،خطے میں امن کا باعث بنے گا :وفاقی وزیر الٹی گنتی والے اپنے ارادوں کی ناکامی پر اب سیدھی گنتی شروع کرینگے :گفتگو

کالا شاہ کاکو (نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 3 بڑے اسلامی ممالک کا اتحاد اسلامی نیٹو کا آغاز ہے جس میں جلد دیگر اسلامی ممالک بھی شامل ہو جائیں گے اور یہ اتحاد نہ صرف خطے میں امن کا باعث بنے گا بلکہ دنیا میں مساوات کے فروغ کا باعث بھی ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سابق رکن پنجاب  اسمبلی چودھری بشیر احمد گجر کے نواسے کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومت جانے کے حوالے سے سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ الٹی گنتی والے اپنے ارادوں کی ناکامی پر اب سیدھی گنتی شروع کردیں گے ،ہماری حکومت نہ صرف آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ ڈلیور بھی کرے گی اور ملک محرومیوں سے نکل کر خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ مکہ سمجھوتہ اسلامی تاریخ کی بہت بڑی پیشرفت ہے اور یہ اسلامی اتحاد کی نئی صف بندی کا ذریعہ ہے ۔ بہت جلد مزید اسلامی ممالک شامل ہوں گے اور دنیا طاقت کے توازن کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ کچھ اسلامی ممالک کی طرف سے سمجھوتے پر اعتراض کے سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ جب ان ممالک کو معاہدے کی حقیقت کا علم ہو گا تو وقت کے ساتھ دیگر اسلامی ممالک کی سوچ بھی درست ہوجائے گی۔افغانستان کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افغان حکومت خود اندرونی خلفشار کا شکارہے جو دوسرے ممالک کے امن کا خیال نہیں رکھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر افغان حکومت نے دہشت گردی میں ملوث گروپوں کی حمایت ترک نہ کی تو وہ اپنے ملک کی تباہی کے خود سب سے بڑے دشمن ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...