اسلام آباد مارچ :آفریدی کی سٹریٹ موومنٹ ضلع خیبر سے شروع
20لاکھ افراد لانے کا اعلان، ہمیں بانی چیئرمین کو رہا کروانا ہے :سہیل آفریدی کابینہ اراکین مخالفین کی باتوں کی بجائے کارکردگی پرتوجہ دیں :خطاب، گفتگو
پشاور،جمرود(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کے لیے سٹریٹ موومنٹ کا آغاز ضلع خیبر سے کر دیا اور دعویٰ کیا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد جائیں گے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جمرود میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کیلئے سٹریٹ موومنٹ کا آغاز باب خیبر سے ہوگیا ہے اور اختتام اسلام آباد میں ہوگا۔ ہم نے اس تحریک کا نام ‘انصاف کے ساتھ’ رکھا ہے ، ہمیں اپنے بانی چئیرمین کو رہا کروانا ہے ، ہمیں ایسا قانون لانا ہے جو کمزور اور طاقت ورکے لیے برابر ہو۔ 27 ستمبر کو تاریخ بدلنے اور تقدیر بدلنے کے لیے نکلنا ہے ۔ عمران خان رہائی موومنٹ کی رکنیت 5 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ چکی ہیں اور اس کے لیے سب سے زیادہ ممبر شپ پنجاب سے ہوئی ہے ۔
جنہوں نے جمہوریت کو دفن کیا وہ نوجوانوں کا جذبہ جنون دیکھ لیں، پاکستان میں انصاف کا نظام ختم ہوچکا ہے ، اسی لیے ہم انصاف کے لیے اسلام آباد جائیں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اراکین صرف اپنے کام پر توجہ دیں، وزرا کو مخالفین کی باتوں کی بجائے اپنی کارکردگی اور صوبے کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے ۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں سامنے آ رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید کیا گیا تو اس وقت ان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک تھی اور وہ سپر فٹ تھے ۔ تین سال میں بانی نے صحت کو جواز بنا کر کبھی کوئی ریلیف نہیں مانگا۔ حکومت خیبرپختونخوا کا بانی سے ذاتی ڈاکٹرز، فیملی، وکلا اور دوستوں کی ملاقات اور رسائی دینے کا پرزور مطالبہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments