میر رضا قتل:پولیس 14روز بعداپنی غلطیاں مانی :جبران ناصر
جیو فینسنگ شروع، پہلی میڈیکو لیگل رپورٹ میں خودکشی کا کوئی عندیہ نہیں تھا تفتیشی ٹیم میں کشمیر میں موجود افسر کوکیوں شامل کیاگیا؟’’دنیا مہر بخاری کیساتھ‘‘
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ صوبے کی روایات سے ہم واقف ہیں اور ماضی میں کیا ہوتا رہا ہے ، سب معلوم ہے ۔ پہلی میڈیکو لیگل افسر کی رپورٹ پر اتنا شور مچایا جا رہا ہے ، کوئی مجھے بتائے کہ ریاست یا سندھ حکومت کی طرف سے اس رپورٹ پر کہاں لکھا ہے یا کہاں عندیہ دیا گیا ہے کہ یہ خودکشی ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ایک غلطی یہ تھی کہ گولی پیچھے سے نہیں بلکہ سامنے سے لگی تھی، کیا سامنے سے گولی لگنے کو خودکشی کہا جا سکتا ہے ؟ ٹیم کے ارکان کو بہت تجربہ ہے ، مگر اس کیس میں درست معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس سے کئی سوالات کھڑے ہوگئے ۔ انہوں نے خود رپورٹ بنا کر واقعے کو خودکشی کا رنگ دیا۔ پولیس نے آج 14 روز بعد اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے ۔ پہلے دن سے غفلت نہیں تھی بلکہ پہلے دن سے پولیس کو کہیں سے ہدایت تھی کہ اس کیس کو کسی اور سمت لے کر جانا ہے ۔ ایس ایس پی سطح کے افسران نے جھوٹ بولا۔
سندھ حکومت اور آئی جی کی جانب سے سفاک قاتلوں کو پکڑنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی۔ ہم چاہتے ہیں کہ میر رضا کے والدین کو انصاف ملے ۔ جس نے ان کے جوان بیٹے کو شہید کیا، اس قاتل کا نام سامنے آنا چاہیے ، اسے ہتھکڑیاں لگی ہوئی دیکھنا چاہتے ہیں اور عدالت سے اسے سزا ملنی چاہیے ۔ ہم بلا وجہ کسی کا نام نہیں لینا چاہتے ، یہ پولیس کا کام ہے کہ قاتلوں کو سامنے لائے ۔ جیو فینسنگ 14 روز بعد شروع کی گئی۔ چیف منسٹر سندھ کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات کی گئی ہے ۔ میر رضا کی لاش 20 سے 22 گھنٹے پرانی تھی، تو میر رضا 12 گھنٹے کہاں اور کس کے پاس رہا؟ اس کا مطلب ہے کہ وہ 12 گھنٹے تک کسی کی قید میں تھا اور ممکنہ طور پر اس دوران اسے اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسرے پوسٹ مارٹم کے دوران جسم میں کالا مواد پایا گیا جبکہ قمیض پر ہائیڈروکلورک ایسڈ کے نشانات تھے ۔ ایس پی عثمان سدوزئی گزشتہ دو ہفتوں سے کشمیر میں موجود ہیں۔ قتل سے دو ہفتے قبل ہی عثمان سدوزئی کو کشمیر بھیجا گیا تھا اور وہ اب تک کراچی واپس نہیں آئے ۔ ایسے افسر کو تفتیشی ٹیم میں کیوں شامل کیا گیا جو دو ہفتوں سے کراچی میں موجود ہی نہیں اور کشمیر میں بیٹھ کر میر رضا قتل کیس کی تفتیش کر رہا ہے ؟۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments