تعمیراتی شعبہ ،ڈویلپمنٹ پیکیج اور کنسٹرکشن بورڈ کے قیام پر غور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرصدارت قومی تعمیراتی شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج اور کنسٹرکشن بورڈ کے قیام پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ، ایم ڈی پیپرا، کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (سی آئی ڈی بی) کے قیام اور الگ بینک بنانے کی تجویز زیرغور آئی جبکہ تعمیراتی شعبے کے لیے درآمدی و برآمدی پالیسیوں میں بہتری اور ٹیکس اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا۔احد چیمہ نے کہا کہ مجوزہ سی آئی ڈی بی شعبے کی ترقی اور ریگولیٹری نگرانی کا دوہرا کردار ادا کرے گا۔ سرکاری و نجی نمائندوں پر مشتمل بورڈ تعمیراتی معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے میں کردار ادا کرے گا۔ بورڈ کے قیام کا فریم ورک باضابطہ منظوری کے لیے جلد وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔
ترقیاتی پیکیج سے مالیاتی اور پالیسی رکاوٹیں دور ہوں گی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری منصوبوں کی ڈیفیکٹ لائیبلٹی پیریڈ (ڈی ایل پی) جلد ایک سال سے بڑھا کر تین سال کی جا رہی ہے ۔ انفراسٹرکچر مکمل ہوتے ہی خراب نہیں ہونا چاہیے ، اس لیے ٹھیکیداروں کو تعمیراتی معیار برقرار رکھنا ہوگا۔ سی آئی ڈی بی کے تحت کنسلٹنٹس کو بھی براہ راست نگرانی اور احتساب کے دائرے میں لایا جائے گا۔ ڈیزائن کی خامیوں اور تکنیکی غلطیوں پر کنسلٹنٹس کو قانونی و مالی طور پر جوابدہ بنایا جائے گا ۔احد چیمہ نے کہا کہ کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کا فیصلہ سٹیٹ بینک اور پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن کی مالیاتی فزیبلٹی رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments