بلاول کی ممکنہ منگنی ،ویانامیں دلہن کے اہلخانہ سے ملاقاتیں
دونوں کئی سالوں سے ایکدوسرے کوجانتے اورکئی مشترکہ دوست بھی ہیں دونوں خاندان پھرلندن میں ملیں گے ،شادی رواں سال ہی متوقع :ذرائع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پاکستان پیپلز پاٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری، بلاول کی ممکنہ منگنی کے سلسلے میں آسٹرین خاندان سے بات چیت کیلئے ویانا میں موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ایک بااعتماد ذریعے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلاول کی ممکنہ منگنی اور آسٹریا کے سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک ممتاز یورپی خاندان میں ان کی شادی کے حوالے سے بات چیت کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں۔اس پیش رفت سے آگاہ ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر زرداری اور بلاول نے 3 روز قبل آسٹریا پہنچنے کے بعد سے اب تک ممکنہ دلہن کے اہل خانہ سے 3 بار ملاقات کی ہے ۔ توقع ہے کہ صدر زرداری اور بلاول آسٹریا سے برطانیہ روانہ ہوں گے اور لندن سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تقریباً 10 دن قیام کریں گے جبکہ دلہن کے خاندان کے افراد کی بھی برطانیہ میں قیام کے دوران بھٹو زرداری خاندان کے ہمراہ ہونے کی توقع ہے ۔
اس متوقع شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں بلاول کی ممکنہ دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان 'ہاؤس آف ہیبسبرگ-لورین'سے جوڑا جا رہا ہے اور کچھ رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے بتایا گیا ے جبکہ شادی ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر میں ویانا میں ہو سکتی ہے ۔ بلاول اور ممکنہ دلہن ایک دوسرے کو کئی سالوں سے جانتے ہیں اور ان کے کئی مشترکہ دوست بھی ہیں’۔ایوانِ صدر نے بھی 27 اگست کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ صدر زرداری نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں تاہم اس دورے کا مقصد ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔توقع ہے کہ صدر زرداری برطانیہ میں تقریباً دو ہفتے گزاریں گے جو کئی سالوں میں ان کا برطانیہ کا پہلا طویل دورہ ہوگا۔ ان کا برطانیہ کا آخری دورہ تقریباً 5 سال قبل ہوا تھا،ذرائع نے بتایا کہ بلاول کی بہنیں بھی لندن میں فیملی کے ہمراہ ہیں۔ بلاول کی خالہ اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی صنم بھٹو پہلے ہی لندن میں موجود ہیں، بھٹو زرداری خاندان یا پیپلز پارٹی کی جانب سے تاحال بلاول کی منگنی یا شادی کے حوالے سے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔دوسری جانب میئر کراچی اور پی پی پی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے بلاول کی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان رپورٹس کو غلط قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments