پٹرولیم لیوی کیخلاف ہماری جدوجہد کو سب سراہ رہے :حافظ نعیم
عوام کی قوت خرید ختم ہو رہی ، حکومت روٹی، بجلی ،پٹرول سستا کرے لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں:پشاورمیں گفتگو
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی کے خلاف جدوجہد کو سب سراہ رہے ہیں۔ پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت خرید ختم ہو رہی ہے ، آئی پی پیز کے خلاف دھرنے پر بھی کچھ لوگوں نے تکلیف کی شکایت کی تھی، تاہم دھرنے کے نتیجے میں حکومت آئی پی پیز سے بات کرنے پر مجبور ہوئی۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ دھرنے سے کسی کو تکلیف نہ ہو، چترال سے کراچی تک ملک بھر میں دھرنے ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کون سی دوسری سیاسی جماعت عوام کیلئے آواز اٹھا رہی ہے ۔ پاک افغان بارڈر کیلئے جماعت اسلامی نے بہت کام کیا ہے ۔ ابتدائی طور پر پاک افغان بارڈر پر تجارتی زون بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ دنوں سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ بارڈر ٹریڈ زون بہتر بنا کر اور گرینڈ جرگہ تشکیل دے کر صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بجلی اور پٹرول کے ساتھ حکومت سے روٹی سستی کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ تاجر برادری سے درخواست ہے کہ ہڑتال کے بغیر حکومت کے کان پر جوں نہیں رینگتی۔ حکومت نے ہماری تعلیم اور ترقی کی شاہراہ بند کر رکھی ہے ۔ پشاور دھرنے کے حوالے سے جماعت اسلامی کی قیادت سے بات کروں گا۔ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں، بالآخر عوام ہماری طرف آئیں گے ۔ عوام کے مسائل اور ایشوز صرف جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہیں۔ 3 ستمبر کو تاریخی ہڑتال ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments