پلندری میں امن مارچ ،’’بدامنی نامنظور‘‘کے فلک شگاف نعرے

پلندری میں امن مارچ ،’’بدامنی نامنظور‘‘کے فلک شگاف نعرے

تمام سیاسی جماعتوں کی شر کت ، سدہنوتی،راولا کو ٹ میں الیکشن کرانیکا مطالبہ عالمی امن کیلئے ثالث کا کرداراداکرنے پر حکومت ، پاک افواج کو مبارکباد پیش

مظفرآباد (بیورورپورٹ)عوامی اتحاد فورم سدہنوتی کے زیر اہتمام پلندری میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر کی جانب سے مشترکہ عظیم الشان امن مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کوٹلی چوک سے شروع ہونے والی ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کچہری چوک پہنچی جہاں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ پلندری کی فضا ‘‘یہ وطن ہمارا ہے ، ہم پاسبان اس کے ’’، ‘‘آزاد کشمیر میں انتشار نامنظور’’، ‘‘فساد نامنظور’’، ‘‘بدامنی نامنظور’’، ‘‘کشمیر اور پاکستان یک جان’’ اور ‘‘ہم کیا چاہتے ہیں، امن’’ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ جلسہ عام سے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس، جمعیت علمائے اسلام، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں، تاجران، سول سوسائٹی، وکلا، ٹرانسپورٹرز، تعلیمی حلقوں اور ایکس سروس مین کے نمائندوں نے خطاب کیا۔

شرکا نے مشترکہ اعلامیے میں حکومت پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کو عالمی امن کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے لازوال رشتے کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔شرکا نے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی کے سات حلقوں میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ پاکستان سے آزاد کشمیر آنے والی خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل یقینی بنائی جائے ، ناکہ بندیاں اور انٹری پوائنٹس پر عائد رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں ، انٹرنیٹ سروس بحال کی جا ئے ، آزاد کشمیر کی فلور ملز کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جا ئے اور آٹے کی سپلائی برقرار رکھی جا ئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...