سخت مالیاتی ، انتظامی اصلاحات سے معاشی بحالی کا مشکل مرحلہ عبور کرلیا : شہباز شریف
نائب صدر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ملاقا ت ،ایم ایل-1 کی اپ گریڈیشن انتہائی اہم ،وزیراعظم،جلد عملی کام پر زور اقوام متحدہ کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سے گفتگو
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے ان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا،ملاقات میں پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا اور نئی کنٹری پارٹنرشپ سٹر ٹیجی کے تحت ترجیحی شعبوں میں اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نائب صدر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی حیثیت پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں شہری بنیادی ڈھانچے ، ٹرانسپورٹ اور عوامی خدمات کے اہم منصوبوں کی تکمیل میں اے ڈی بی کی مسلسل پیشہ ورانہ کارکردگی اور بروقت تعاون کو سراہا،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مشکل معاشی بحالی کے مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا ہے ، ان اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا جبکہ فِچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی سمیت عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کے لئے مستحکم معاشی منظرنامے کی درجہ بندی کی ہے۔
طویل مدتی معاشی تبدیلی کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ملاقات میں کراچی سے پشاور تک مین لائن-1 (ایم ایل-1) ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی گئی، جو قومی بنیادی ڈھانچے کی ایک اہم ترجیح ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم ایل-1 کی اپ گریڈیشن مال برداری کے نظام کو جدید بنانے ، علاقائی تجارتی روابط مضبوط کرنے اور بڑے صنعتی منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہے ۔ملاقات میں ایم ایل-1 منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے وزیراعظم سے ملاقات کی،یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ان کے ہمراہ تھے ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر باہم مربوط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے ، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے موثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا،موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments