نئے صوبے :ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ میں شدت

نئے صوبے :ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ میں شدت

اسمبلی کو صوبوں پر بحث سے روکنا غیر منطقی ،وزیر اعلیٰ کا مشورہ جذباتی:طارق فضل سندھ کی تقسیم کی بات پر ہم خاموش نہیں رہیں گے ، ترجمان سندھ حکومت کا ردعمل

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کیخلاف قرار داد منظور ہونے کے بعد ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ میں شدت آ گئی ہے ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چو دھری نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ کسی ایک جماعت  یا صوبے کا نہیں بلکہ ایک قومی معاملہ ہے ،چاروں صوبوں، تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کو سنجیدہ قومی مکالمے کے ذریعے اس مسئلے پر بات کرنی چاہیے ،نئے صوبوں کے قیام کا مقصد عوام تک وسائل، انتظامی سہولیات اور حکومتی خدمات زیادہ مؤثر انداز میں پہنچانا ہونا چاہیے ، اگر موجودہ نظام میں اصلاحات کے ذریعے عوامی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں تو نئے صوبوں کے مخالفین اپنا مدلل مؤقف قوم کے سامنے رکھیں،کسی دوسری اسمبلی کو نئے صوبوں جیسے اہم قومی معاملے پر بحث سے روکنا غیر منطقی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے قومی اسمبلی کو نئے صوبوں کے معاملے پر بات نہ کرنے کا مشورہ ایک جذباتی سیاسی مؤقف ہے ، نئے صوبوں پر بحث اب قومی سطح پر آگے بڑھے گی، اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اس قومی مکالمے کا حصہ بننا چاہیے ، ترجمان سندھ حکومت نے طارق فضل چو دھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان برداشت نہیں کریں گے ، مراد علی شاہ کا خطاب سندھ کے کروڑوں عوام کے حقوق کا ترجمان تھا،وفاقی وزرا ئسندھ کے آئینی اور جغرافیائی حقوق پر سیاست بند کریں ،انہوں نے کہا وزیراعلیٰ سندھ نے ہمیشہ آئین کی پاسداری اور وفاق کی مضبوطی کی بات کی،ہم سندھ دھرتی کی تقسیم کی کسی بھی بات پر خاموش نہیں رہیں گے ، وفاقی حکومت ملک کے اصل معاشی و عوامی مسائل پر توجہ دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...